۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
مقصود علی ڈومکی

حوزہ / مدرسہ خاتم النبیین کوئٹہ کے زیر اہتمام رہبر کبیر بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی 23 ویں برسی کی مناسبت سے تعزیتی تقریب منعقد ہوئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدرسہ خاتم النبیین کوئٹہ کے زیر اہتمام رہبر کبیر بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی 23 ویں برسی کی مناسبت سے تعزیتی تقریب منعقد ہوئی۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی جدوجہد عصر حاضر کے تمام مسلمانوں کے لئے اور رہبروں کے لئے نمونہ عمل ہے۔

انہوں نے کہا: آپ نے عوام کی طاقت سے طویل جدوجہد کے نتیجے میں ایران میں ڈھائی ہزار سالہ شہنشاہیت کو نشان عبرت بنا دیا۔ امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ نے ظالم سامراجی قوت امریکہ کو شیطان بزرگ قرار دیا اور اس بڑے شیطان کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کیا۔ آپ نے مظلوموں اور محروموں کی رہنمائی کرتے ہوئے انہیں مستکبرین کے خلاف قیام کا درس دیا۔ بحیثیت حکمران آپ نے محلات میں رہائش پذیر ہونے کی بجائے معمولی سادہ گھر میں رہائش اختیار کی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما نے کہا: امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ اپنے خاندان میں سے کسی کو اقتدار میں نہیں لائے بلکہ جب ان کے بیٹے کو وزارت عظمیٰ کی پیشکش کی گئی تو آپ نے اسے نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ "یہ انقلاب اسلامی اس لئے نہیں کہ میرا خاندان اقتدار میں آئے"۔

اس تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما ملک محمد ساسولی نے کہا: امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ اتحاد بین المسلمین کے علمبردار تھے اور آپ نے امریکہ کو شیطان بزرگ قرار دیتے ہوئے اس کے انسان دشمن عزائم کو بے نقاب کیا۔ قائد انقلاب اسلامی کی سامراج دشمن جدوجہد آج بھی تمام علماء اور دینی قائدین کے لئے مشعل راہ ہے۔

پاکستان پیٹریاٹک موومنٹ کے چیئرمین معراج محمد خان کاکڑ نے تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا: امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے عبادت الٰہی اور بندگی کے ذریعے قرب خدا کو حاصل کیا اور آپ خدا کے سوا کسی سے نہیں ڈرتے تھے۔ یہی سبب ہے کہ انہوں نے دو سپر پاورز امریکہ اور سوویت یونین کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کر دینِ اسلام کے پیغام کو دنیا تک پہنچایا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان قبائل کے صدر حاجی ندا خان درانی نے کہا: شیعہ سنی اسلام کے دو بازو ہیں اور یہ آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ نے شیعہ سنی وحدت کا جو پیغام دیا وہ آج بھی امریکہ اسرائیل اور تمام اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کو خاک میں ملا رہا ہے۔

تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز سماجی رہنما راز خان لونی نے کہا: امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ ایک عظیم انقلابی رہنما تھے جن کی انقلابی جدوجہد اور تعلیمات تمام مسلمانوں کے لئے مشعل راہ ہیں۔

امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کوئٹہ ڈویژن کے رہنما قاری سجاد حسین، استاد محمد بخش، قاری مولانا محمد رضا محمدی و دیگر نے بھی اس تعزیتی تقریب میں خطاب کیا۔ اس موقع پر معزز مہمانوں کو رہبر کبیر حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی تصاویر اور کتب کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .